اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وزیراعظم معائنہ کمیشن کے سربراہ بریگیڈیئر (ر) مظفر علی رانجھانے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی طرف سے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی ) کے منصوبوں میں بلاجواز تاخیر پر تحفظات کے حوالے سے نوٹس لیتے ہوئے پشاور ناردرن بائی پاس کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
جمعہ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم معائنہ کمیشن کے سربراہ نے کمیشن کے ممبر ڈاکٹر ممتاز احمد کمال اور ڈائریکٹر محمد صالح ناریجوکے ہمراہ گزشتہ روز پشاور ناردرن بائی پاس کا دورہ کیا اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور خیبرپختونخوا کےمتعلقہ محکموں کے نمائندوں سے پشاور شمالی بائی پاس کے منصوبے پر بریفنگ لی جس میں تاخیر کی بڑی وجہ پیکیج 2، پیکیج 3 اے اور پیکیج 3 بی (423 کنال) پر اراضی کی خریداری اور سکیورٹی کا معاملہ ہے۔
وزیراعظم معائنہ کمیشن کے سربراہ نے سائٹ وزٹ کے بعد متعلقہ حکام اور کمشنر پشاور سے معاملہ کی تفصیلات کا استفسار کیا اور زمین کی خریداری اور سکیورٹی کی فراہمی کی ہدایت کی۔ کمشنر پشاور نے قبضہ شدہ اراضی واگزار کرانے کی یقین دہانی کرائی اور یہ بھی یقین دلایا کہ فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم معائنہ کمیشن کے سربراہ کے دورہ کے بعد کمشنر پشاور نے 24 نومبر 2023 کو 126 کنال اراضی واگزار کرا کر این ایچ اے کے حوالے کر دی ہے۔
این ایچ اے کے جنرل منیجر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے پیکیج 3 اور پیکیج 2 بالترتیب 31 دسمبر 2023 اور 30 جون 2024 کومکمل کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ وزیراعظم کے معائنہ کمیشن کےسربراہ نے منصوبے کی بروقت تکمیل کی ہدایت کی ہے تاکہ عوام الناس کے لئے منصوبے کے مطلوبہ فوائد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=413894