اسلام آباد ۔ 16 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں ۔ انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک کے غریبوں کو شیلٹر ہومز فراہم کررہی ہے اور عام آدمی کے معیار زندگی میں بہتری لانے کے لئے احساس پروگرام کا اعلان بھی کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف احتساب سے بچنے کے لئے شور و غوغا کررہی ہے اور پیپلز پارٹی و مسلم لیگ ( ن) دونوں نے اپنے اپنے ادوار حکومت میں قومی دولت کو بے دردی سے لوٹا اور ان دونوں جماعتو ں نے بڑے پیمانے پر کرپشن کی۔ انہوںنے کہا کہ ان دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کو بچایا تاہم اب یہ دونوں جماعتیں احتساب کے عمل سے خوف زدہ ہیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ گذشتہ حکومتیں موجودہ حکومت کے لئے بھاری قرضہ چھوڑ گئیں تاہم وزیراعظم عمران خان کی ایماندار اور فعال قیادت میں حکومت ملک کو ان قرضوں سے نکالے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ دونوں جماعتیں ملکی میعشت کی دگرگوں حالت کی ذمہ دار ہیں ۔