
اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت کی ترقیاتی اور فلاحی سکیموں کا مقصد عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنا ہے، ہماری کاوشیں عوام کی سماجی و اقتصادی بہتری اور پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کیلئے ہیں جہاں سب کو مساوی مواقع دستیاب ہوں۔ انہوں نے یہ بات رکن پنجاب اسمبلی رانا محمود الحسن سے جمعہ کو وزیراعظم ہاﺅس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ فعال رابطے میں رہنا چاہئے تاکہ وہ ان کے مسائل سے بخوبی آگاہ رہیں اور علاقے میں جاری ترقیاتی سکیموں کے بارے میں انہیں فیڈ بیک بھی ملتا رہے۔ رکن صوبائی اسمبلی رانا محمود الحسن نے مشکل دور میں کثیر الجہتی چیلنجوں سے ملک کو نکالنے میں وزیراعظم کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے کامیابی سے معیشت بحال کی ہے اور ملک بھر میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے بڑے بڑے منصوبے شروع کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں ملکی مجموعی سلامتی کی صورتحال نمایاں طور پر بہتر ہوئی ہے۔ رانا محمود الحسن نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان حقیقی طور پر ایک فعال، جمہوری جدید ریاست میں تبدیل ہو گا۔