وزیراعظم نواز شریف اور آذربائیجان کے صدر کی مشترکہ پریس کانفرنس

126
APP36-14 BAKU: October 14 - Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif and President of Azerbaijan Ilham Aliyev speaking at joint press stakeout at Zagulba Presidential Palace. APP

باکو ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان ہم آہنگ تصورات کے ذریعے ایک جیسے خیالات کے حامل ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ تمام علاقائی اور عالمی مسائل کو بین الاقوامی قانون کے فریم ورک کے تحت بات چیت اور پرامن ذرائع سے حل کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے یہ بات آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے ہمراہ جمعہ کو یہاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ دوسروں کی طرف سے کھلی جارحیت کے باوجود پرامن ہمسائیگی اور ترقی کے لئے امن کے ترجمان رہے ہیں تاہم امن کے اصولوں پر کاربند رہنے کا غلط مطلب لیتے ہوئے اسے کمزوری نہ سمجھا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کی جموں کشمیر اور نگورنو کاراباخ کے مسئلہ پر ایک دوسرے کے لئے حمایت‘ قریبی افہام و تفہیم اور خیالات میں ہم آہنگی کا ثبوت ہے۔ نگورنو کاراباخ پر پاکستان کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے مقبوضہ آذری علاقوں کی واپسی‘ آرمینین افواج کے انخلاءاور مہاجرین کی واپسی کا مطالبہ کیا۔ وزیراعظم نے تنازعہ جموں کشمیر پر پاکستان کے لئے آذربائیجان کی حمایت کو سراہا جو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق بات چیت اور پرامن ذرائع سے مسئلہ کے حل پر زور دیتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی حمایت تصفیہ طلب مسائل کے حتمی حل تک پختہ رہے گی۔