
نیویارک ۔ 20 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف سے سعودی ولی عہد اور سعودی عرب کے نائب وزیراعظم شہزادہ محمد بن نائف بن عبدالعزیز نے نیویارک میں ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز اور سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماﺅں نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین بہترین دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ دونوں ممالک امت مسلمہ کے دو اہم ستون بھی ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی قسم کے خطرے سے تحفظ کیلئے معاونت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مقبوضہ فورسز نے جموں و کشمیر کی پوری ریاست کو جیل بنا دیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے بھارتی حکومت کے حالیہ دھمکی آمیز بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے بیانات سے پورے خطے کا امن و استحکام خطرے میں پڑ جائے گا۔