وزیراعظم نواز شریف وطن واپسی کیلئے لندن روانہ ہو گئے

133

نیویارک ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف اقوام متحدہ میں زبردست سفارتی کوششوں کے پانچ مصروف دن گزارنے کے بعد وطن واپسی کیلئے جمعہ کو یہاں سے لندن روانہ ہو گئے۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا اور عالمی ادارہ پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کیلئے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے۔ کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انہیں اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی، سفیر جلیل عباس جیلانی اور پاکستان مشن کے دیگر سینئر حکام نے الوداع کیا۔ اقوام متحدہ کے ماہرین کے مطابق وزیراعظم کی موثر کوششوں کے نتیجہ میں کشمیر کاز اجاگر ہوا جنہوں نے اس مسئلہ کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی۔ وزیراعظم کے دورہ کا اہم پہلو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے ان کا خطاب تھا جس میں انہوں نے عشروں پرانے تنازعہ کشمیر کو دنیا بھر کے اعلیٰ سطحی نمائندوں کے سامنے تفصیل کے ساتھ پیش کیا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کی شہادتوں کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا جو اب بڑھ کر 108 ہو گئی ہے جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہوئے، چھرے والی بندوق کی فائرنگ سے150 سے زائد افراد کی بینائی متاثر ہوئی۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں مختلف عالمی رہنماﺅں بشمول برطانوی وزیراعظم تھریسامے، ایرانی صدر حسن روحانی، سعودی ولی عہد شہزادہ نائف، چینی وزیراعظم لی کی کیانگ، جاپانی وزیراعظم شنزو ایبے، ترک صدر رجب طیب اردگان اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری سمیت تمام عالمی رہنماﺅں کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم سے آگاہ کیا۔