اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے الیکشن کے دوران جنوبی پنجاب کے عوام سے جو وعدے کئے انہیں پایا تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے ۔ پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں مراد سعید نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بسنے والے کسانوں کی خوشحالی کے لئے کسان کارڈکا اجراء کیا گیا ہے جس سے کاشتکاروں کو بیج، کھاد اور زرعی ادویات پر براہ راست سبسڈی مل سکے گی اور زراعت کی ترقی کا پہیہ تیز تر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کے لئے نوکریوں میں کوٹے کے علاوہ نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے پنجاب روزگار سکیم کے تحت آسان شرائط پر قرضے بھی دئیے جارہے ہیں جبکہ بزدار حکومت ماضی کے مقابلے میں زیادہ ترقیاتی فنڈز کے ذریعے اس علاقے کی محرومیوں اور پسماندگی کا خاتمہ کررہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے سنگ بنیاد کے ساتھ ساتھ 37 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا گیا ہے جس سے علاقے میں خوشحالی اور ترقی کا آغاز ہوگا اور یہ تبدیلی کے مثبت سفر کی طرف اہم قدم ہے ۔