وزیراعظم نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ وہ امت مسلمہ کے بڑے لیڈر ہیں، حلیم عادل شیخ کی کوٹری میں میڈیا سے بات چیت

55

حیدرآباد۔10اکتوبر (اے پی پی):اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ وہ امت مسلمہ کے بڑے لیڈر ہیں، انہوں نے پاکستان کی ریاست کو مدینہ کی ریاست کی طرز پر چلانے کے لیے قدم اٹھایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئئے کیا۔

ترجمان اپوزیشن لیڈر کے مطابق اس موقع پر پیر زمان شاہ جیلانی، پیر مرتضیٰ شاہ جیلانی اور دیگر کارکنان نے ان کا استقبال کیا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کل وزیراعلیٰ سندھ نے دعویٰ کیا کہ لاہور میں آٹا مہنگا اور سندھ میں سستا ہے، کل میں نے لاہور پشاور ملتان سے ریٹ منگوائے، 550 روپے کا دس کلو آٹا لاہور میں مل رہا ہے اور سندھ میں 790 سے 800 کا مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پیسے وزیراعلیٰ کے سسٹم کی جیب میں جاتا ہے، وزیراعلیٰ کبھی آٹا خریدیں تو انہیں پتہ چلے کے اس کی کیا قیمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعید غنی کہہ رہا ہے کہ کبھی مرغی نہیں خریدی، انہوں نے ہمیشہ سونے کے انڈے دینے والی مرغی خریدی ہے، یہ مافیا کے سیٹھوں سے مہنگی گندم خرید رہے ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بچل راہپوٹو ان کا سسٹم ہے، سرکاری گندم روک کر عام گندم مہنگی بیچی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک نیا سسٹم جلد بے نقاب کرنے والا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوٹری میں پانی نہیں آتا، لوگ مسائل کا شکار ہیں، کوئی اس طرف توجہ نہیں دے رہا۔

ہم نیب کو آزاد اور خودمختار ادارہ بنانا چاہتے ہیں، نیب کا چیئرمین خورشید شاہ اور نواز شریف نے لگایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں منشیات کی لعنت کی وجہ سے نوجوان نسل تباہ ہورہی ہے، وفاقی ادارے سندھ میں منشیات کے خلاف کارروائی کریں گے۔