وزیراعظم نے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کو بہترین انداز میں اجاگر کیا، سرتاج عزیز

136

اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ محمد سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کو بہترین انداز میں اجاگر کیا ہے اور دنیا کو یہ واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر پورے خطے میں امن بحال نہیں ہو سکتا، جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے اور یہی بات وزیراعظم محمد نواز شریف نے بھی دنیا کوسامنے پیش کی، وزیراعظم محمد نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کے پرامن حل کے خواہاں ہیں اور اس کے لیے بھارت سے مذاکرات کے لیے پیلے بھی تیار تھے اور آج بھی تیار ہیں لیکن ساتھ ہی وزیراعظم محمد نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ مذاکرات کر کے بھارت پاکستان پر احسان نہیں کرے گا بلکہ یہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہیں کیونکہ بات چیت کے ذریعے ہی معاملات کو حل کیا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے دنیا کو بتایا کہ کشمیریوں کی نئی نسل بھی اپنے بنیادی حق حق خود ارادیت کے لیے نکل پڑی ہے اور اپی پرامن تحریک آزادی جاری رکھے ہوئے ہے، پوری دنیا مانتی ہے کہ مقبوضہ کشمیر ایک متنازعہ ایشو ہے لیکن بھارت اسے ماننے کو تیار ہی نہیں، وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنی تقریر میں یہ بات واضح کی کہ بھارت کشمیریوں کی پرامن جدوجہد آزادی کو طاقت کے بل بوتے پر کچلنا چاہتا ہے اور نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کر رہا ہے جو سرا سر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میںآتا ہے جس کا اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی نوٹس لینا چاہیے اور بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی افواج کے مظالم کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے