وزیراعظم نے ذاتی طور پر لبنان اور غزہ کے متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے،وفاقی وزیراحسن اقبال

132

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے ذاتی طور پر لبنان اور غزہ میں جنگ سے متاثرہ لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے،اس ضمن میں وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے غزہ اور لبنان قائم کیا گیا ہے تاکہ پاکستانی عوام کی جانب سے اپنے ضرورت مند بھائیوں اور بہنوں کے لیے عطیات کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کونیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) میں غزہ اور لبنان کی جنگ سے متاثرہ آبادیوں کے لیے پاکستان کی جاری انسانی امداد کی کوششوں کا جائزہ لینے اور منصوبہ بندی کے لیے اعلیٰ سطح کے رابطہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے مشترکہ طور پر اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم آفس، وزارت خارجہ اور این ڈی ایم اے کے سینئر حکام بھی موجود تھے جبکہ زوم کے ذریعے لبنان، اردن، شام اور عراق کے سفیروں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران غزہ اور لبنان کے لوگوں کی فوری ضروریات اور امدادی سامان روانہ کرنے سے متعلق لاجسٹک چیلنجز پر بات چیت ہوئی۔ لبنان کے سفیر نے حکومت پاکستان کی طرف سے فراہم کی جانے والی بروقت امداد پر کہا کہ پاکستان اس نازک وقت میں لبنان کے عوام کو ریلیف بھیجنے والے پہلے تین ممالک میں شامل ہے۔ اب تک پاکستان نے غزہ اور لبنان کے لیے 1251 ٹن امدادی اشیاء کی کل 12 کھیپیں روانہ کی ہیں۔ ان میں سے 10 کھیپیں غزہ جب کہ دو لبنان بھیجی گئیں۔

امدادی پیکجوں میں ضروری اشیاء جیسے خیمے، ترپال، فوڈ پیک، بستر، ادویات، حفظان صحت کی کٹس اوردیگرضروری سامان شامل تھا۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے ذاتی طور پر لبنان اور غزہ کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے،ان کی ہدایت کی روشنی میں وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے غزہ اور لبنان قائم کیا گیا ہے تاکہ پاکستانی عوام کی جانب سے اپنے ضرورت مند بھائیوں اور بہنوں کے لیے عطیات کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

وفاقی وزیر نے لبنان، فلسطین اور شام میں پاکستان کے سفیروں سے سرگرم انسانی تنظیموں اور جنگ سے متاثرہ علاقوں میں امداد کی تقسیم کے ذرائع کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ وہ ایک ہائبرڈ ٹرانسپورٹیشن ماڈل تیار کرے تاکہ امداد کی ترسیل کی کارکردگی میں اضافہ ہو سکے۔ انہوں نے غزہ اور لبنان میں جنگ زدہ متاثرین کو ضروری اشیاء کی زیادہ سے زیادہ فراہمی کے لیے خوراک اور نان فوڈ آئٹمز (NFIs) سپلائرز پر بھی زور دیا۔ اجلاس جنگ سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ یکجہتی جبکہ غزہ اور لبنان کے عوام کے لیے مسلسل امداد فراہم کرنے کے عزم کو برقرار رکھنے کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔