وزیراعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بتایا کہ مشکل وقت میں گھبرانا نہیں ہے، محنت کرنی ہے، پیسے کے لالچ میں کبھی ضمیر کا سودا نہ کرنا،شہباز گل اور فیصل جاوید کی میڈیا سے گفتگو

74

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، پاکستان حال ہی میں پی ایس ایل سمیت کئی غیرملکی ٹیموں کی کامیابی کے ساتھ میزبانی کر چکا ہے،

وزیراعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بتایا کہ مشکل وقت میں گھبرانا نہیں ہے، محنت کرنی ہے، سب سے پہلے پیسے کے بت کو توڑنا ہے اور پیسے کے لالچ میں کبھی ضمیر کا سودا نہ کرنا، گرائونڈ میں اپنے لئے نہیں ملک کیلئے کھیلنا ہے، شاندار کھیل کر جیتیں یا ہاریں قوم ساتھ کھڑی ہو گی، وزیراعظم نے کھلاڑیوں کو ٹپس بھی دیں۔

بدھ کو قومی ٹیم کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل جاوید نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات زبردست رہی،

وزیراعظم عمران خان نے کھلاڑیوں کو بتایا کہ خوف اور پیسے کا بت توڑنا ہے، پیسے کے لالچ میں ضمیر کا سودا کبھی نہ کرنا، انہوں نے کھلاڑیوں سے یہ بھی کہا کہ دل میں ہار کا خوف رکھ کر میدان میں نہیں اترنا، ہار کے خوف سے ٹیمیں شکست کھاتی ہیں کیونکہ ہارتا وہی ہے جو ہار مان لیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کھلاڑیوں کا جذبہ بڑھایا اور انہیں بتایا کہ سب کھلاڑی باصلاحیت ہیں بس آپ محنت کریں۔

ایک سوال کے جواب میں سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ملاقات کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے بھی بات ہوئی، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیض راجا ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے اور کھلاڑیوں کو ہرطرح کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے زبردست پلان بنا رہے ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ جتنی تگڑی ہو گی اتنا ہی قومی ٹیم مضبوط ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے پر فوکس ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں فیصل جاوید نے کہا کہ ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں پاکستانی ٹیم کا پہلا میچ ہی روایتی حریف بھارت سے ہے، وزیراعظم عمران خان نے کھلاڑیوں سے کہا کہ آپ نے ڈر کر میچ نہیں کھیلنا بلکہ جارحانہ کرکٹ کھیلنی ہے اور فتح آپ کا مقدر ہو گی،

وزیراعظم نے کھلاڑیوں کو 2011ءمیں پاک بھارت ٹیموں کے درمیان ورلڈ کپ سیمی فائنل کی مثال بھی دی اور کہا کہ اس میچ میں دونوں ٹیمیں گھبرائی ہوئی تھیں، سچن ٹنڈولکر نے کئی مواقع دیئے لیکن بدقسمتی سے ان کے کیچز ڈراپ ہوئے۔

سکیورٹی تھریٹ سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، پاکستان حال ہی میں پاکستان پریمیئر لیگ ، کشمیر پریمیئر لیگ سمیت ویسٹ انڈیز، سری لنکا، بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ، زمبابوے اور ایم ای سی کے خلاف سیریز کی کامیاب میزبانی کر چکا ہے،

اس کے علاوہ دنیا کے ممتاز جرائد نے پاکستان کو 2021ءٹاپ ٹورازم مقامات میں سے ایک قرار دیا ہے، ہماری انٹیلی جنس ایجنسی دنیا کی ٹاپ انٹیلی جنس ایجنسی ہے، نیوزی لینڈ ٹیم کے دورہ کی منسوخی سمجھ سے بالا تر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ٹیم کی سلیکشن کے دوران رشتہ داری دیکھنے کی بجائے میرٹ پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ رمیض راجہ نے کھلاڑیوں کے ساتھ شیئر کیا کہ وزیراعظم عمران خان جب قومی ٹیم کے کپتان تھے تو ان کی قیادت میں قومی ٹیم نے بھارت کے خلاف 22 میچز میں سے 21 میں فتح حاصل کی تھی، ٹیم جب بھی متحد ہو کر کھیلتی ہے تو فتح اس کا مقدر ہوتی ہے اور نتائج سب کے سامنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنرکرسچین ٹرنر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، انگلش ٹیم نے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستان کا دورہ منسوخ نہیں کیا بلکہ انگلش بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو آرام کا موقع دینے کی غرض سے یہ فیصلہ کیا۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی نظر میں بابراعظم باصلاحیت بلے باز ہیں اور آنے والے وقت میں وہ جنوبی ایشیا کے سب سے مایہ ناز بلے باز ہوں گے، وزیراعظم نے بابر اعظم سے کہا کہ محنت جاری رکھیں اور ٹیم کو جان کے ساتھ میدان میں اتاریں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رمیض راجہ کی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ون آن ملاقات بھی ہوئی اور پھر کھلاڑیوں کے ساتھ بھی ملاقات ہوئی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ بھارت کی پاکستان کے خلاف پہلی سازش نہیں ہے بلکہ بھارت ہمیشہ سے ہی پاکستان کے خلاف سازشیں کرتا آیا ہے۔