اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ مصدق مسعود ملک نے کہا ہے کہ بلوچستان کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے حکومت کی کوششوں سے صوبے کی معیشت میں بہتری آئے گی، وزیر اعظم کا وژن یہ ہے کہ ہم مل بیٹھ کر غریبوں کی مدد کریں اور ان کی زندگیوں میں آسانی لانے کے بارے میں سوچیں، وزیر اعظم نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ حکومت کے اقدامات کا مقصد عام لوگوں کو فائدہ پہنچانا ہے۔
جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کے ترقیاتی اقدامات اور معاشی پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ حکومت سے نالاں ہیں اور بے بنیاد الزامات لگاتے ہیں، اس حقیقت کے باوجود کہ وزیراعظم نے ملک کی معاشی حالت بہتر کرنے کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کم ہو رہی ہے اور عالمی منڈی کے اتار چڑھائو سے ہمارے شہری متاثر ہوتے ہیں، حکومت نے صورتحال کو بہتر بنانے کی کوششیں کی ہیں۔ مصدق مسعود ملک نے کسانوں اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے حکومت کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقی کے لیے بلوچستان کے عوام کے لیے سڑکوں کی تعمیر اور زرعی اقدامات جیسے منصوبے شروع کیے گئے ہیں جس سے پوری قوم مستفید ہوگی۔ مصدق ملک نے بلوچستان کی ترقی کے لیے وزیراعظم کے وژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کینال جیسے منصوبے صوبے کی معیشت کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے بلوچستان کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے صوبے کی معیشت میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد عام لوگوں کی ترقی کو فروغ دینا ہے اور بلوچستان کی ترقی وزیراعظم کا خواب ہے۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ نے نشاندہی کی کہ پچھلی حکومتوں نے امیروں کو فنڈز فراہم کیے، اس کے باوجود کوئی اعتراض نہیں اٹھایا گیا، آج جب حکومت غریبوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے کام کر رہی ہے تو اعتراضات کیے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک سال میں مہنگائی میں کمی لائی گئی ہے جو عوام کے فائدے کے لیے ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583778