
پسرور/نارووال۔5 مئی(اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نارو وال اور پسرور میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کےدو اہم روڈمنصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ یہ منصوبے نارووال ، لاہور ، سیالکوٹ چار رویہ موٹروے لنک ہائی وے اور سیالکوٹ پسرور شاہراہ کے توسیعی ہیں،73کلومیٹر طویل چار رویہ ہائی وے کی تعمیر سے لاہور اور نارووال ضلع کے درمیان مسافت اور سفرکا دورانیہ کم ہوجائے گا۔۔ ہفتہ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ان دونوں منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ پسرور آمد پر کیڈٹ کالج پسرور کے کیڈٹس نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو گارڈ آف آنر پیش کیا، اور انہیں سیالکوٹ پسرور روڈکو دو رویہ کرنے اور اس کی بہتری کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ نارووال اس وقت نیشنل ہائی وے نیٹ ورک سے منسلک نہیں ہے جس کی وجہ سے ناقص ٹرانسپورٹیشن اور یہ علاقہ تنہا اور نظرانداز ہورہا تھا ۔ یہ علاقہ اہم جغرافیائی اہمیت کا حامل اورمعیاری زرعی مصنوعات بشمول امرود،کینو اور لائیو سٹاک کی برآمدکی وسیع صلاحیت کا حامل ہے۔ اس شاہراہ سے اقتصادی بہتری اورروزگارکے نئے مواقع میسر آسکیں گے۔ چاررویہ ڈیول کیرج وے منصوبہ نارووال ، نارنگ منڈی اوراس کے گردونواح کے علاقوں کو لاہور، سیالکوٹ موٹروے لنک ہائی وے سے ملائے گا، تیز ترین ٹرانسپورٹیشن کی دستیابی سے زراعت، اقتصادی اورتجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔