اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی کے ارکان قومی و صوبائی کا اہم اجلاس آج بلا لیا،وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس آج دوپہر بارہ بجے ہوگا ۔
جمعرات کو اپنے بیان میں وفاقی وزیرمریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم پارٹی ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیں گے ۔متاثرین سیلاب کے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے اقدامات، شکایات اور دادرسی بہتر بنانے پر مشاورت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پارٹی ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کو سیلاب متاثرین کے ریلیف کے کاموں میں ہاتھ بٹانے کی ہدایت کی تھی، اس پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا ۔
وزیراعظم پارٹی ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو حلقہ وار امدادی کاموں کی نگرانی پر مامور کریں گے۔اجلاس کا مقصد سیلاب متاثرین کےلئے امدادی کارروائیوں میں حلقوں کی سطح پر اشتراک عمل کو بہتر بنانا ہے۔