اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن)سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے ملک میں پاور سیکٹر کی بہتری کے لیے شفاف طریقے سے اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کی جس کے نتیجے میں آج پاورسیکٹر میں انقلابی تبدیلیاں سامنے آئیں اور عوام کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ ہوا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں کمی کے حکومتی پیکج کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اویس احمد خان لغاری نے کہاکہ میں اختصار سے کام لیتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ گزشتہ ایک سال کے اندر انہوں نے عوام کو درپیش مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے شب و روز ہماری ٹیم کو رہنمائی فراہم کی، انہوں نے گزشتہ ایک سال میں بلاتفریق و بلاامتیاز پاور سیکٹر کی بہتری کی تجاویز اور اقدامات اٹھانے اور شفاف طریقے سے اور میرٹ کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے لیے ایک ٹیم کا انتخاب کیا، ایک ٹاسک فورس تشکیل دی جس کے شریک چیئرمین محمد علی ، نیشنل کوآرڈینیٹر جنرل ظفر ان کی پوری انالیسز ٹیم جس میں ہمارے ینگ آفیسرز، سی پی پی اے، نیپرا اور ہر ادارے سے لیے گئے اچھے آفیسرز شامل تھے ، انہوں نے مل کر سارا کام کیا، ہمارے انرجی سیکرٹریز اوردیگر اہم ذمہ داریوں پر جو تعیناتیاں ہوئیں ، ایف بی آر چیئرمین و دیگر نے بھرپور محنت کی جس کے نتیجے میں بجلی کے شعبے میں اہم اقدامات اٹھائے گئے۔