پشاور۔16دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بدھ کو پشاور کے اہم ترین منصوبے پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا افتتاح کردیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان ، صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کاظم نیاز اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام کا اعلان ایم ایم اے کے دورحکومت میں ہواتھا تاہم عرصہ درازتک اس منصوبے کی تعمیر پر کوئ پیش رفت نہ ہو سکی تھی جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی گزشتہ اور موجودہ صوبائی حکومتوں نے اس منصوبے کو اپنی ترجیحات میں شامل کیااور تیزی سے اس کی تعمیر ممکن بنائی پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی 262بستر کا طبی مرکز ہے جو نہ صرف پشاور بلکہ خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع کے دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو بھی ہرقسم کی طبی سہولیات فراہم کریگا۔ اس مرکز سے افغانستان سے آنے والے مریض بھی مستفید ہوسکیں گے۔ وزیراعظم نے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کے توسیعی منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔ اس منصوبے کے تحت آئی سی سی سٹینڈرڈز کے مطابق جدید سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر عمل میں آئے گی جس میں کھیلوں کی عالمی معیار کے مطابق جدید ترین سہولیات فراہم کی جائیں گی