اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم کا فیصلہ آئینی طریقہ کار کے مطابق ہوگا،خلاف آئین کوئی چیز قابل قبول نہیں، موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور انتخابات وقت پر ہو ں گے، سیاست میں بات چیت کبھی بھی ختم نہیں ہوتی ، تمام آئینی ادارے مل کر ہی آگے بڑھتے ہیں جس سے ملک و قوم ترقی کرتے ہیں۔جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے فیصلے سے متعلق آئین میں طریقہ کار موجود ہے اسی کو فالو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہتر تو یہی ہے کہ نگران وزیراعظم کے عہدے کے لیے کوئی ایسا آدمی آئے جو نیوٹرل اور غیر متنازع ہو اور کوئی بھی اس پر انگلی نہ اٹھا سکے تاکہ وہ عام انتخابات کا انعقاد شفاف طریقے سے کرا سکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر خورشید احمد شاہ سے ہماری ملاقات ہوئی ہے کیونکہ اس کا فیصلہ بھی لیڈر آف دی ہاﺅس اور اپوزیشن لیڈر ہی نے کرنا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کا رویہ جمہوریت کے لیے کوئی زیادہ حوصلہ افزا نہیں رہا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ ایسے رویے سے ان کوکچھ حاصل ہو گا اور ایسے حالات میں مشاورت کے عمل بھی مشکوک ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خورشید احمد شاہ پارلیمان میں صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہی کے نمائندے نہیں بلکہ پوری اپوزیشن کی نمائندگی کرتے ہیں اور اسی طرح میں بطور وزیراعظم حکومتی بنچوں کی نمائندگی کرتا ہوں، جہاں کئی حلیف جماعتیں بھی ہیں اس لیے ہماری کوشش ہے کہ اس معاملے پر اتفاق رائے ہو جائے۔