وزیراعظم پاکستان کے دورہ گلگت بلتستان کے حوالے سے معاون خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ کا پریس کانفرنس سے خطاب

126

گلگت۔6نومبر (اے پی پی):وزیراعظم پاکستان کے دورہ گلگت بلتستان کے حوالے سے معاون خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ نے گلگت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم گلگت بلتستان نے گلگت بلتستان میں بجلی کے شدید بحران کے خاتمے کے لیے 100 میگاواٹ شمسی توانائی منصوبے کی منظوری دے دی ہے اور یہ منصوبہ ایک سال کی مدت میں مکمل ہوگا اور اگلے سال وزیراعظم خود افتتاح کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے دورہ گلگت بلتستان کے موقع پر انہیں پی ایس ڈی کے منصوبوں پر درپیش مسائل پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر احسن اقبال کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اگلے ہفتے گلگت آکر منصوبوں کا جائزہ لیں اور درپیش روکاوٹیں دور کریں۔ وزیر اعظم پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ گلگت بلتستان کو وفاقی بجٹ سے رقم 40 فیصد جولائی میں اور آخری قسط 60 فیصد جنوری میں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے بلتستان یونیورسٹی اور قراقرم یونیورسٹی کے لئے 50 50 کروڑ کے انڈومنٹ فنڈز کی منظوری دی گئی جس سے ان دونوں تعلیمی اداروں کے مالی معاملات حل ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں 4 نئے اضلاع کے قیام کے حوالے سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان کو سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نےسکردو شاہراہِ پر حادثات کو کم کرنے کے لئے سلائیڈنگ ایریاز میں شیڈز تعمیر کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ھدایات کی روشنی میں گلگت بلتستان کو آئینی حقوق کے حوالے سے کمیٹی قائم کی جائے گی۔

وزیر اطلاعات گلگت بلتستان نے کہا ہرپو 34.9 میگاواٹ بجلی کے منصوبے پر 9 ارب روپے لاگت آئی گی جس کا سنگ بنیاد وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے آج رکھ دیا ہے۔ اس کے علاؤہ وزیر اعظم پاکستان نے عطاء 54 میگاواٹ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے جس پر 22 ارب لاگت آئے گی۔ ہنزہ میں پینے کے صاف پانی کے لئے گریٹر واٹر سپلائی سکیم کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ وزیر اطلاعات کے مطابق وزیراعظم پاکستان نے اپنے دورے کے دوران بلتستان یونیورسٹی کی عمارت ،غذر ماڈل ویلیج کا افتتاح کیا گیا۔