وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی عطاءاللہ تارڑ کاضلع راجن پور کی تحصیل روجھان مزاری کا دورہ

137

راجن پور۔5ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی عطاءاللہ تارڑ نے ضلع راجن پور کی تحصیل روجھان مزاری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سابق نگران وزیراعظم پاکستان میر بلخ شیر خان مزاری کے ڈیرہ بنگلہ مزاری پر استقبالیہ دیاگیا ، ممبر قومی اسمبلی سردار ریاض محمود مزاری اور دوست علی خان مزاری سے ملاقات کی۔اس موقع پر سابق ضلع ناظم راجنپور سردار عبدالعزیز جگن خان دریشک، سردار یوسف خان دریشک، عمائدین علاقہ، و دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

ایم این اے سردار ریاض محمود خان مزاری نے وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاءاللہ تارڑ کو سیلابی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ حالیہ سیلاب سے روجھان مزاری تحصیل رودکوہی سیلاب کی تباہ کاریوں کیوجہ سے مکمل طور پر متاثر ہوئی ہے ،سینکڑوں گھر منہدم ،متعدد بستیاں صفحہ ہستی سے مٹ گئی ، کثیر تعداد میں گھر ڈوب گئے ،لاکھوں متاثرین سیلاب بے گھر ہوئے ، روجھان سٹی کی کچی آبادی تو مکمل طور پر متاثر ہوئی اور لوگ بے سرو سامانی کی کیفیت میں اپنے بچوں کو نکال سکے۔

انہوں نے کہاکہ رودکوہی کے سیلابی پانی نے روجھان تحصیل کے علاقوں دلبر، جھوک منجھانی، صفدر آباد، عربی بند کا ملحقہ بستی غریب آباد، ڈنڈا کوٹ، مٹ واہ، چک مٹ 1/2/3 ،ماچکہ ،بھنڈو والہ، چوک ٹاور بستی جوئیہ، کن، گڈاناڑ، شاہ والی کے ملحقہ علاقوں کی بستیاں زیرآب اور لاکھوں ایکٹر پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں اور جانی و مالی نقصان ہوا۔

عطاء تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے یقین دلایاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے روجھان کے سیلاب متاثرین کی ہر ممکن امداد کی جائے گی۔معاون خصوصی عطاء تارڑ نے چوک ٹاور سہیجہ روڈ کا وزٹ کیا ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہایت ہی افسوس ہوا ہے یہ منظر دیکھ کر کہ ہزاروں بے گھر ہونے والے افراد اس وقت سڑکوں اور بندھوں پر بیٹھے ہوئے ہیں، وفاقی حکومت انکی کی ہر ممکن امداد کرے گی، جبکہ مجھے یہ بھی افسوس ہوتا ہے کہ یہاں جنوبی پنجاب میں قیامت صغریٰ ہے اور حکومت نمائندے جلسے کرکے اپنی سیاسی دوکانداری چمکارہے ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہاکہ میں یہاں خصوصی طور پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صورتحال کا جائزہ لینے ، متاثرین سے ڈائریکٹ مل کر انکا حال جاننے اور انکی ہر ممکنہ امداد کو یقینی بنانے کیلئے آیا ہوں۔ انہوں نے کچی آبادی کے متاثرین بند کا بھی وزٹ کیا اور متاثرین سے گفتگو میں انکو یقین دلایاکہ ان کے نقصان کے ازالے کیلئے ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔آخر میں انہوں نے کہا کہ متاثرین کی اپنے گروں کو واپسی تک ہر ممکنہ امداد و تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔