اسلام آباد ۔ 30 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت وفاقی حکومت نے سندھ کے مختلف اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں اور صحت کے بنیادی مراکز کے لئے رواں مالی سال 2020-21ءکے تحت کابینہ ڈویژن کے مختلف منصوبوں کے لئے 3565.684 ملین روپے مختص کئے ہیں۔ کابینہ ڈویژن کے حکام کے مطابق وفاقی حکومت نے صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں وزیراعظم ڈیویلپمنٹ پروگرام کے نئے منصوبوں کے لئے فنڈز مختص کئے ہیں، ان منصوبوں میں شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ اور سکھر کے مختلف منصوبوں کے لئے رواں مالی سال کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں 1886.243 ملین کے نئے منصوبے کے فنڈز مختص کیے ہیں جبکہ حیدرآباد اور میر پور خاص ڈویژن کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے 1373.441 ملین روپے مختص کیے ہیں اور اسی طرح سندھ کے مختلف اضلاع میں صحت کے بنیادی مراکز کے لیے 306 ملین روپے مختص کئے ہیں جبکہ وزیراعظم ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر 3565.684 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔