وزیراعظم کاپیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران زندگی کی بازی ہارنے والے صحافیوں کے لئے خصوصی فنڈ کے قیام کا اعلان

226
خصوصی فنڈ کے قیام کا اعلان
وزیراعظم کاپیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران زندگی کی بازی ہارنے والے صحافیوں کے لئے خصوصی فنڈ کے قیام کا اعلان

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران زندگی کی بازی ہارنے والے صحافیوں کے لئے خصوصی فنڈ کے قیام کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ایسے کسی حادثے میں جاں بحق ہونے والے صحافی کے لواحقین کو 40 لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے جبکہ وزیراعظم نے صحافیوں کے لئے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہیلتھ کارڈ کابھی اجرا کردیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو صحافیوں،فنکاروں کے لئے ہیلتھ انشورنس کارڈ،پاکستان کوڈ، ڈیجیٹل ریپازٹری آف فیڈرل لازموبائل ایپ اور ویب سائٹ کے اجراکی تقریب سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بھی خطاب کیا جبکہ وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات سہیل علی خان ،صحافیوں اور میڈیاورکرز کی قیادت بھی موجود تھی۔

وزیراعظم نے کہاکہ امراض زندگی کا حصہ ہیں ۔ ہیلتھ کارڈ کے اجرا پر سب کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔ اس کے لئے مریم اورنگزیب ، سیکرٹری اطلاعات اور ان کی ٹیم کاخصوصی شکریہ ادا کرتےہیں۔ انہوں نے ایک بڑی ذمہ داری ادا کی ہے۔ یہ صحافت کے میدان میں ایک انقلابی قدم ہے۔ ورکنگ جرنلسٹ اپنے فرائض کی ادائیگی بہت سے چیلنجز اور خطرات کاسامنا کرتے ہیں۔ پاکستان کو ڈیجیٹل ریپازٹری آف فیڈرل لاز ، موبائل ایپ اور ویب سائٹ کے اجرا پر وزیرقانون اور ان کی ٹیم کو بھی مبارکباد پیش کرتےہیں ، اس سے اب قوم اور پوری دنیا کو قوانین تک رسائی حاصل ہو گی۔ تمام قوانین اور آئینی دفعات سے فوری طور پر مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے مشاورت سے فیصلہ کیا ہے کہ وہ صحافی جو فرائض کی ادائیگی کے دوران زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھیں تو ان کے لئے خصوصی فنڈ کاقیام عمل میں لایا جارہاہے ۔ایسے حادثے کا شکار ہونے والے صحافی کے اہل خانہ کو 40 لاکھ روپے کی رقم کی وزیراعظم فنڈ سے ادائیگی ہو گی ، گو کہ یہ رقم آج کے حالات میں کوئی زیادہ نہیں تاہم یہ شروعات ہے۔ جب پاکستان کو مزید وسائل دستیاب ہوں گے تو اس میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ میں وزیراعلیٰ پنجاب تھا اس وقت جو پولیس اہلکار یاآفیسر اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرتے تھے ان کو پہلے 30 لاکھ روپے دیئے جاتے تھے اور پھر اسے بعدازاں بڑھا کر 5 کروڑ روپے تک بڑھایا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خوشحال ہوگا تو صحافیوں کے لئے بھی اس فنڈ میں اضافہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی اپنے فرائض کی ادائیگی میں بڑی محنت سے کام کرتےہیں۔ بطور وزیراعظم مجھے 16ماہ ہو چکےہیں ۔ اس دوران مختلف کالم نگاروں نے تنقید بھی کی ہو گی تاہم میں نے آج تک اس کا برا نہیں منایا۔ یہ آپ کی ذمہ داری ہے، تنقید حقائق پر مبنی ہونی چاہیے ، اس سے رہنمائی اور مدد ملتی ہے اور اگر یہ تنقید حقائق کے برخلاف ہو تو اس سےبگاڑ پیداہوتاہے۔