وزیراعظم کی اخباری صنعت کو مشکلات سے نکالنے کے لئے سابق حکومت کے تشہیر ی واجبات 30 جون تک ادا کرنے کی ہدایت

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):وزیراعظم محمدشہبازشریف نے اخباری صنعت کو مشکلات اور بحران سے نکالنے کے لئے 30 جون تک سابق حکومت کے تشہیر ی واجبات ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے یہ ہدایات آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی ( اے پی این ایس) کے وفدسے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پروفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کے علاوہ وزیراعظم کے معاون خصوصی فہدحسین بھی موجود تھے۔

اے پی این ایس کے صدر سرمد علی کی قیادت میں وفد میں سیکریٹری جنرل ناز آفرین ،سہگل لاکھانی ، سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی، جمیل اطہر، شہاب زبیری، محترمہ رمیزہ نظامی ، عمرمجیب شامی، امتنان شاہد، ممتاز طاہر، محسن بلال، اویس خوشنود، وسیم احمد، منیر گیلانی اور ہمایوں گوہر بھی شامل تھے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر اخباری صنعت کو مشکلات اور بحران سے نکالنے کے لئے بڑے پیکج کا اعلان کیااور 30 جون تک سابق حکومت کے تشہیر ی واجبات ادا کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے پی ٹی آئی دورکے اخبارات اور تشہیری کمپنیوں کے حکومتی واجبات ادا کرنے کا حکم بھی دیا ۔

وزیراعظم نے کہاکہ وہ سیاسی انتقام میں یقین نہیں رکھتے کیونکہ اس سے ملک کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ وزیراعظم نے وفد کویقین دلایاکہ مہنگائی کے تناسب سے تشہیری نرخ میں مناسب اضافہ کی جائیگا۔۔انہوں نے کہاکہ بجٹ میں اخباری صنعت پر کوئی نیا ٹیکس یا ڈیوٹی نہیں لگائیں گے اور اخباری صنعت کو بحران سے نکالنے کے لئے اضافی ریلیف بھی فراہم کریں گے۔