وزیراعظم کا ایم کیو ایم کی طرف سے بجٹ تجاویز کا خیرمقدم ، ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے ، شہباز شریف

153
وزیر اعظم شہباز شریف کا ضلع باجوڑ میں خارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین
وزیر اعظم شہباز شریف کا ضلع باجوڑ میں خارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایم کیو ایم کی طرف سے بجٹ تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت خالد مقبول صدیقی کی زیرقیادت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد فاروق ستار ، مصطفیٰ کمال ، امین الحق ، جاوید حنیف اور عبد الحفیظ شامل تھے۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور مشیرِ وزیراعظم برائے سیاسی امور و بین الصوبائی روابط رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان حکومت کی انتہائی اہم اتحادی جماعت ہے ، ملک کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا اہم ترین شہر اور ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس شہر کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملاقات میں وفاقی بجٹ برائے مالی سال 25۔2024 پر بھی مشاورت ہوئی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے وفاقی بجٹ کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ وزیراعظم نے متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے بجٹ تجاویز کا خیر مقدم کیا۔