کوئٹہ۔ 19 مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی رہنما حیات خان اچکزئی نے کہا ہے کہ
وزیراعظم کا بلاول بھٹو زرداری کو سفارتی وفد کی قیادت سونپنا تاریخی فیصلہ ہے،نئی نسل کی قیادت میں پاکستان کا عالمی سطح پر سفارتی محاذ مزید مضبوط ہوگا۔پیر کو اپنے بیان میں حیات خان اچکزئی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی جارحیت کو عالمی فورمز پر بہتر انداز میں بے نقاب کیا ہے،آج بھی بھٹو خاندان ملک کے سفارتی محاذ پر سب سے آگے ہے اور سفارتی محاز پر ملک کا دفاع کررہے ہیں۔
حیات خان اچکزئی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اقوام متحدہ میں پاکستان کا پرچم بلند کیا اور پاکستان کا ٹھوس موقف پیش کیا،شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے دنیا کو اپنی قیادت اور سفارتی دانشمندی سے متاثر کیا،اب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری عالمی سفارت کاری میں نیا باب لکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ کے طور پر بلاول بھٹو نے شاندار کارکردگی کے تحت پاکستان کا موقف دنیا میں پیش کیا تھا ،سیاسی جماعتوں کی یکجہتی سے وزیراعظم کا یہ فیصلہ بلاول بھٹو کی سفارتی تجربے پر اعتماد کا مظہر ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے اس فیصلے سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا نیا سفر شروع ہوگا اورعالمی سفارت کاری میں بھٹو خاندان کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری پاکستان کا پرچم دنیا بھر میں بلند کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598903