وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب ، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریگا ، حافظ طاہر محمود اشرفی

93
Tahir Mahmood Ashrafi

اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے حالیہ دورہ سعودی عرب کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورہ معاشی تعاون کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریگا ۔

منگل کو یہاں صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں اپنی شراکت کو وسعت دینے کے خواہشمند ہیں۔ وزیراعظم کی سفارتی کوششوں بلخصوص معاشی تعاون کے میدان میں اس کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب دونوں کے لیے نئے اقتصادی مواقع پیدا کرنے کا عہد کرتا ہے۔تاریخی، ثقافتی اور مذہبی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ دورے کے دوران ہونے والے بات چیت سے تجارت، سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے ٹھوس نتائج برآمد ہوں گے۔

انہوں نے تعاون کے مواقعوں کو تلاش کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچانے میں وزیراعظم کے فعال کوششوں کی تعریف کی ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور ولی عہد کے درمیان ملاقات میں غزہ کی ابھرتی ہوئی صورتحال اور بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری بحران پر بھی جامع گفتگو ہوئی۔خطے میں عدم استحکام کے خاتمے اور امن کو فروغ دینے کے مقصد سے ہونے والی اس ملاقات میں اسرائیلی جارحیت کو روکنے اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی کردار کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے غزہ میں انسانی صورتحال کے بگڑنے پر تشویش کا اظہار کیا اور بین الاقوامی برادری کی شمولیت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے فوری طور پ غزہ میں کاررائیاں بند کرنے، غزہ کے عوام کے لیے انسانی امداد تک رسائی اور بین الاقوامی قانونی فریم ورک کی پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔علاوہ ازیں، رہنماؤں نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق امن عمل کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ طاہر اشرفی نے ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام سمیت ایک جامع حل حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔