
اشک آباد ۔ 26 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ علاقائی رابطے اور اقتصادی استحکام پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہم جزو ہیں اورپاکستان وسطی ایشیاءکے ممالک میں گیٹ وے کا کردار ادا کررہا ہے۔ دو روزہ ”گلوبل سسٹین ایبل“ ٹرانسپورٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہفتہ کو وزیراعظم نے کہا کہ وسطی ایشیاء میں گیٹ وے کے طور پر اپنا کرادر ادکرنا پاکستان کے لئے بڑی خوشی کی بات ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پرامن ہمسائیگی کا نظریہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول ہے اورامن وسلامتی کے بغیر ترقیاتی پالیسیوں کے اثرات سے استفادہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے پوری طرح پرعزم ہے اورعلاقائی او اقتصادی انضمام میں اپنے کردار سے مطمئن ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) جیسے منصوبوں کے ذریعہ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا ہے اور اس سے جغرافیائی ترقی کے اہداف کے حصول کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔