اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے شمال مغربی ترکیہ میں آتشزدگی کے المناک واقعہ میں جانی نقصان پر ترک صدر سے تعزیت کااظہار کرتےہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام غم کی اس گھڑی میں ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور شمال مغربی ترکیہ کے گرینڈ کارتل ہوٹل میں آتشزدگی کے المناک واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اس واقعہ پر غمزدہ ہے اور جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہے۔ وزیراعظم نے صدررجب طیب اردوان کو یقین دلایا کہ پاکستانی عوام غم کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم نے اس افسوسناک واقعہ پر ترک حکام کی جانب سے فوری ردعمل کو سراہتے ہوئے اس سلسلے میں ہر ممکن مدد کی پیشکش کی۔ صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم اور صدر اردوان کے مابین رابطہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات اور ان کو مضبوط تر بنانے کے مشترکہ عزم کامظہر ہے۔