
اسلام آباد ۔ 15 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اس امر پر زور دیا ہے کہ اقوام متحدہ بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور کشیدگی میں بلا جواز اضافہ کا نوٹس لے، پاکستان کی جانب سے ضبط و تحمل کے مظاہرے کو کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہئے، کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی سرزمین کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات منگل کی صبح وزیراعظم ہاﺅس میں لائن آف کنٹرول پر بگڑتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے وزیراعظم کو لائن آف کنٹرول پر صورتحال اور حالیہ بلا اشتعال بھارتی فائرنگ، جس میں بھمبر کے علاقے میں سات پاکستانی سپاہی شہید ہوئے، کے بعد حکومت کے ردعمل کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم کے مشیر نے وزیراعظم کو بھارت کی جانب سے شہری آبادی کے علاقوں کو ہدف بنا کر اندھا دھند فائرنگ کرنے اور گولہ باری کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کی طرف سے فائرنگ کے حالیہ واقعات کے نتیجہ میں 26 شہری شہید اور 107 زخمی ہوئے ہیں جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں جو 2003ءکی سیز فائر مفاہمت اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے شہداءکے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بھارتی تشدد کے باوجود انتہائی ضبط کا مظاہرہ کر رہا ہے جسے ہماری کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایسے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا اور ہم کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی سرزمین کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی میں دانستہ اضافہ علاقائی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔