وزیراعظم کا پی آئی اے اور ایوی ایشن امور سے متعلق اجلاس سے خطاب

134
APP66-08 ISLAMABAD: November 08 - Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif chairs meeting on PIA and Aviation Affairs at PM House. APP

اسلام آباد ۔ 08 نومبر (اے پی پی) وزیر اعظم محمدنوازشریف نے کہاہے کہ نیا اسلام آباد ایئرپورٹ جدت آمیزی کا بین الاقوامی شاہکار ہوگا اور اس سے پاکستان کا تیزی سے ترقی کرنے والے ملک کا تشخص مزید اجاگر ہوگا ۔ انہوںنے ان خیالات کااظہار منگل کو یہاں وزیر اعظم ہاﺅس میں پی آئی اے اور شہری ہوابازی امور سے متعلق ایک اجلاس میں اظہار کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے نئے اسلام آباد ایئر پورٹ پر پیشرفت کاجائزہ لیا۔وزیراعظم کو بتایاگیاکہ نئے ایئر پورٹ کے تمام تعمیراتی پیکجز پر کام جاری ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ راولپنڈی سے نئے اسلام آباد ایئرپورٹ تک لنک روڈ پراجیکٹ کو مارچ 2017ءتک مکمل کیاجائے۔ وزیر اعظم نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایت کی کہ لنک روڈ پراجیکٹ کے کام اور معیار کا عالمی معیارکے مطابق جائزہ لیاجائے ۔ وزیر اعظم نے گزشتہ 6ماہ کے دوران قومی ایئر لائن کی مجموعی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا ۔ پی آئی اے کے چیئرمین نے اجلاس کے شرکاءکو ایک جامع پریزنٹیشن دی اور بتایاکہ محصولات میں نمایاں اضافہ ہواہے ۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ مسافروں کی تعداد میں مجموعی طورپر 26.7فیصد اضافہ ہواہے جبکہ ایئرلائن کی صلاحیت میں 17.3فیصد اضافہ ہوا۔ پی آئی اے کی اندرون ملک مارکیٹ میں نمایاںاضافہ ہوااور محصولات کے حوالے سے کارگو کی کارکردگی میںبھی اطمینان بخش اضافہ ہوا۔ اجلاس میں بتایاگیاکہ پی آئی اے کی بیرون ملک پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہواہے اور آنے والے دنوں میں اس میں مزید اضافہ ہوگا۔