اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت پاک فوج کے 6 افسران اور جوان کی شہادت پر گہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اپنے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔
منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد حنیف،کمانڈر انجینئر 12 کور بریگیڈیئر خالد، پائلٹ میجر سعید، کوپائلٹ میجر طلحہ اور کریو چیف نائیک مدثر شہید کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے یہ بیٹے قوم کا فخر ہیں جنہوں نے اپنی جانیں سیلاب میں گھرے اپنے ہم وطنوں کی جانیں بچانے کے لئے وار دیں ۔
وزیراعظم نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ان کے ساتھی انسانیت کی خدمت اور فرض کی بجاآوری کی روشن مثال بنے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ایک بہترین پرفیشنل، فرض شناس اور قابل افسر ہونے کے ساتھ انتہائی ایماندار اور ایک اچھے انسان تھے ۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس حادثے پر انتہائی مغموم اور افسردہ ہے ، ہم شہدا کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں ، پوری قوم شہدا کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہے، اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل اور اجر عظیم دے۔