کراچی ۔12اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے وزارتِ صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کے سی سی آئی کی قیادت اور کاروباری برادری کے نمائندوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ ایک جامع تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران ہارون اختر خان کو پاکستان بھر کی کاروباری برادری کو درپیش اہم مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ ان مسائل میں کاروبار کرنے میں مشکلات، بڑھتی ہوئی لاگت، امن و امان کی بگڑتی صورتحال خصوصاً اسٹریٹ کرائمز میں اضافے کا ذکر شامل تھا۔
ارکان نے نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی آبادی اور اس سے منسلک بے روزگاری کی شرح، غیر مستحکم ٹیکس پالیسیوں، اقتصادی غیر یقینی صورتحال، قومی قرضوں میں اضافہ اور صنعتی شعبے میں منفی ترقی جیسے چیلنجز کی نشاندہی بھی کی۔معاون خصوصی نے ان مسائل کے جواب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ویژن کا اظہار کیا کہ وزیراعظم پاکستان کو ایک خوشحال، صنعتی طور پر بحال شدہ ملک بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعظم کا ہدف پاکستان کو ایک ایشین ٹائیگر کے طور پر ابھارنا ہےجس کے لیے اسٹریٹجک اقتصادی اصلاحات اور صنعتی ترقی پر توجہ دی جا رہی ہے۔
ہارون اختر خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے سخت موسم، مشکل کام کی جگہوں اور چیلنجنگ حالات کے باوجود معیشت کو سہارا دیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات زر ملک کی مالی استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور انہیں قومی سطح پر سراہا جانا چاہیے۔انہوں نے پاکستان آرمی کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ جہاں نیٹو افواج نے بھاری مالی وسائل خرچ کیے، پاکستان کی مسلح افواج نے محدود وسائل کے باوجود کامیابی حاصل کی۔
ان قربانیوں کی بدولت ملک میں امن قائم ہوا جس سے معیشت اور کاروبار کو فائدہ پہنچا۔معاون خصوصی نے کاروباری برادری کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی میں کمی، پالیسی ریٹ کو دس فیصد کم کر کے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے، بجلی کے نرخوں کو پائیدار بنانے اور کارپوریٹ ٹیکس کو خطے کے دیگر ممالک کے مساوی کرنے کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے مزید پرکشش بنایا جا سکے۔
انہوں نےکہا کہ کاروبار کرنے میں آسانی اور لاگت کو بہتر بنانے، امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے، اقتصادی غیر یقینی صورتحال میں کمی اور برآمدات میں اضافہ کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا جا سکے۔کراچی چیمبر آف کامرس نے حکومتی کوششوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور قومی معیشت و کاروباری برادری سے متعلق معاملات پر مسلسل روابط کی امید ظاہر کی۔ اجلاس کے اختتام پر کے سی سی آئی کی جانب سے معاون خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581060