وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر کے ساتھ ون آن ون ملاقات

130
APP09-14 BAKU: October 14 - Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif and President of Azerbaijan Ilham Aliyev during a meeting at Zagulba Presidential Palace. APP

باکو ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے ساتھ وسیع تر دوطرفہ تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جس میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی اور سرمایہ کاری روابط استوار کرنے پر زور دیا گیا۔ جمعہ کو یہاں وفود کی سطح پر مذاکرات سے قبل ون آن ون ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوستی اور تعاون کے موجودہ رشتوں کو تجارتی اور سرمایہ کاری کے نئے روابط میں ڈھالنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے آذربائیجان کے صدر کو اپنی حکومت کے توانائی‘ بنیادی ڈھانچے اور بجلی کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا جو 46 ارب ڈالر لاگت کی پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت مکمل کئے جا رہے ہیں اور اس سے وسطی ایشیائی ریاستوں کے سرمایہ کاروں کے لئے بھی سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت مشترکہ خوشحالی کے ذریعے وسیع تر علاقائی رابطوں کے لئے پرعزم ہے اور تمام وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ مضبوط رابطے استوار کر رہی ہے۔ دونوں اطراف نے بین الاقوامی امور‘ جنوبی ایشیاءکی صورتحال بالخصوص جموں کشمیر کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔