وزیراعظم کی اعتماد کے ووٹ میں فتح سے اپوزیشن مزید کمزور ہوئی ہے،اتحادی جماعتیں چیئرمین سینیٹ انتخابات میں صادق سنجرانی کو سپورٹ کریں گے، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

51

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت بدعنوان سیاستدانوں سے لوٹی ہوئی دولت واپس کرانے کیلئے پر عزم ہے،اس وقت حکومت کے دو ایجنڈے ہیں جن میں مہنگائی پر قابو پانا اور بدعنوان عناصر سے لوٹی ہوئی قومی دولت کی واپسی ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جرات مند شخص ہیں جنہوں نے صحیح وقت پر اعتماد کا ووٹ لینے کادرست اور دانشمندانہ فیصلہ کیا، وزیراعظم کی اعتماد کے ووٹ میں فتح سے اپوزیشن مزید کمزور ہوئی ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ تمام اتحادی جماعتیں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہیں اور وہ چیئرمین سینیٹ کے انتخابات میں صادق سنجرانی کو سپورٹ کریں گی۔

انہوں نے ملکی نظام پر تبدیلی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 70 سالوں میں ہم اس میں کوئی تبدیلی نہیں لا سکے جو بڑی بدقسمتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیرداخلہ نے کہا کہ آصف علی زرداری نے سینیٹ انتخابات میں یوسف رضا گیلانی کی سیٹ نکالنے کیلئے بھاری رقم استعمال کی ہے جبکہ آصف زرداری کے فرنٹ مین نے ہارس ٹریڈنگ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

اوپن بیلیٹنگ سسٹم کے بارے سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت مستقبل میں صاف اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے اوپن بیلٹ کو سپورٹ کرے گی۔

مریم نواز اور شہباز شریف کی سیاست کے بارے تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ مسلم لیگ ن کے کون سے رہنما دونوں لیڈرز کے پیچھے ہیں۔ اصلاحات سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے کی کارکردگی کو موثر اور بہتر بنانے کیلئے اس میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔