وزیراعظم کی بینک آف چائنا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین سے ملاقات

140
APP34-19 ISLAMABAD: October 19 - Chairman Board of Directors Bank of China Tian Guoli called on Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif at PM House. APP

اسلام آباد ۔ 19 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری متعدد ترقیاتی منصوبوں کا مجموعہ ہے جن سے ملک اور وسیع تر خطے میں خوشحالی اور ترقی آئے گی۔ انہوں نے یہ بات بینک آف چائنا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین تیان گولی سے بدھ کی صبح ایوان وزیراعظم میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین سدا بہار تعلقات مشترکہ اصولوں اور مفادات پر مبنی ہیں جو مختلف شعبوں میں تعاون کی بنیاد استوار کرتے ہیں۔ سیکورٹی ، تجارت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں پاکستان کےلئے چین کی بھرپور حمایت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین مشترکہ مستقبل کے حامل ہیں اور پاک چین اقتصادی راہداری کسی بھی بیرونی ملک کے ساتھ سب سے بڑا جامع منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک متحرک بینکاری نظام پایا جاتا ہے جس نے منافع کی بلند شرح، بہتر لیکوڈیٹی اور مضبوط ساکھ پائی ہے۔ بینکاری کا شعبہ گزشتہ پانچ برسوں سے متاثر کن سالانہ اوسط شرح نمو کے ساتھ ترقی کررہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مضبوط سرمایہ جاتی بنیاد، اثاثہ جات اور منافع پذیری میں شاندار نمو اور بین الاقوامی معیارات کی پیروی نے پاکستان کے بینکاری کے شعبے کو سرمایہ کاروں کےلئے خطے میں بہت مسابقانہ حیثیت دلائی ہے۔