وزیراعظم کی بے مثال اقتصادی بحالی کے لئے انتھک کوششوں پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی قیادت میں اقتصادی ٹیم کی تعریف

177

وزیراعظم کی بے مثال اقتصادی بحالی کے لئے انتھک کوششوں پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی قیادت میں اقتصادی ٹیم کی تعریف
زرمبادلہ کے ذخائر 23 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں،پاکستان کی طرف سے ابھرتی ہوئی مارکیٹ کا درجہ حاصل کرنا دانشمندانہ مالیاتی و اقتصادی پالیسیوں کا آئینہ دار ہے,وزیراعظم محمد نواز شریف کا بیان
اسلام آباد ۔ یکم جولائی (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملک کی بے مثال اقتصادی بحالی کے لئے انتھک کوششوں پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی قیادت میں حکومت کی اقتصادی ٹیم کو سراہا ہے۔ جمعہ کو جاری ایک بیان میں وزیراعظم نے اقتصادی میدان میں سنگ میل عبور کرنے اور ملک کو پائیدار اقتصادی ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے پر معاشی ٹیم کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 23 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں جو جون 2013ءمیں 6.8 ارب ڈالر تھے۔ زرمبادلہ کے ذخائر کا پاکستان کی تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچنا موجودہ حکومت کی کامیاب اقتصادی پالیسیوں کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسیوں کا مقصد طویل المدت اقتصادی استحکام اور پائیدار ترقی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ 3104 ارب روپے مالیت کے ٹیکس محصولات کی وصولی گزشتہ تین برسوں میں 60 فیصد اضافہ کی مظہر ہے جو سالانہ اوسطاً 20 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2008ءسے 2013ءتک کے عرصہ کے درمیان ٹیکس محصولات میں اوسطاً صرف تین فیصد اضافہ ہوا تھا۔