وزیراعظم کی رجب طیب اردگان ہسپتال مظفر گڑھ میں امراض قلب کے علاج کے لئے سرجری کی سہولت جلد شروع کرنے کی ہدایت

306

مظفر گڑھ۔12اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو رجب طیب اردگان ہسپتال مظفر گڑھ میں امراض قلب کے علاج کے لئے سرجری کی سہولت جلد شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے ان کے آخری دور میں صحت کی یہ سہولت علاج معالجہ کے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ہسپتال کے دورہ کے موقع پر کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھیں ۔

وزیراعظم نے ہسپتال انتظامیہ کو عوام کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے دیگر شعبہ جات کو فعال کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعظم نے ایمرجنسی، سرجیکل وارڈز، آپریشن تھیٹرز، آئی سی یو اور سی ایس ایس ڈی کا معائنہ کیا اور لیہ، بہاولنگر اور ملتان سے تعلق رکھنے والے مریضوں سے علاج کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ان پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے انتظامیہ کو علاج کی سہولیات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔