اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے سول و فوجی حکام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تباہ شدہ بجلی اور سڑکوں کے نیٹ ورک اور ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم کی بحالی بہترین ہم آہنگی اور محنت کا نتیجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے مشیر احد خان چیمہ، عطاءاللہ تارڑ، وزیر مملکت ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، مولانا طاہر اشرفی اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر اعظم نے سیلاب زدگان کے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز اور نیشنل کوآرڈینیٹر این ایف آر سی سی میجر جنرل ظفر اقبال نے اجلاس کے شرکاء کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دوست ممالک سے پاکستان کو پہنچنے والی بین الاقوامی امداد کے بارے میں بھی بتایا۔
وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے سول اور فوجی حکام کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تباہ شدہ بجلی اور سڑکوں کے نیٹ ورک اور ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم کی بحالی بہترین ہم آہنگی اور محنت کا نتیجہ ہے۔
وزیر اعظم نے قومی شاہراہوں اور ریل نیٹ ورک کو پانی سے نکالنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سیلاب زدہ علاقوں میں جہاں پانی کم ہوگیا ہے وہاں پر خصوصی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=327106