اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی سرپرستی میں کمزور طبقے کی خوشحالی کیلئے کام کر رہے ہیں، کامیاب جوان پروگرام کے تحت روزگار فراہمی کے اقدامات میں تیزی آرہی ہے، 10 ہزار نوجوان مرد و خواتین اور خواجہ سراوں سمیت خصوصی افراد کو ساڑھے آٹھ ارب روپے جاری کر دیئے گئے ہیں، کامیاب جوان پروگرام معذور نوجوانوں کا سہارا بن رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی عثمان ڈار نے خصوصی ڈاکومنٹری ٹویٹر پر اپنی پوسٹ میں کیا ہے۔ ڈاکومنٹری ٹویٹر پر معذور نوجوان حیدر علی نے بتایا کہ کامیاب جوان پروگرام کیسے معذور نوجوانوں کا سہارا بنا؟ اور حیدر علی نے حکومتی تعاون سے اپنے روزگار کا خواب پورا کر لیا۔
حیدر علی کا کہنا تھا کہ معذوری کے باعث مالی حالات پریشان کن تھے، ایم اے تعلیم حاصل کی مگر معذوری کے باعث روزگار نہ مل سکا، کامیاب جوان پروگرام کے بارے میں پتا چلا تو قرض کیلئے اپلائی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ میں بغیر کسی سفارش اور ضمانت کے کاروبار کیلئے قرض مل گیا۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان کی ٹیم کا شکرگزار ہوں کہ وہ میرا بازو بنے۔
معاون خصوصی عثمان ڈار نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی سرپرستی میں کمزور طبقے کی خوشحالی کیلئے کام کر رہے ہیں، حیدر علی بہت سے نوجوانوں کیلئے ایک زبردست مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ معاشرے کے کمزور اور پسے ہوئے طبقات کو مالی معاونت فراہم کر رہا ہے، قرضہ سکیم سے اب تک دس ہزار سے زیادہ افراد کو ساڑھے آٹھ ارب روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔ عثمان ڈارنے کہا کہ حیدر علی سمیت معاشرے کے ہزاروں خاندانوں کیلئے کامیاب جوان پروگرام امید کی کرن ثابت ہو رہا ہے، آئندہ چند ماہ میں ہزاروں نوجوانوں کو رقم کی تقسیم کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق قرض کی تفصیلات عوام کے سامنے لانے کا بھی فیصلہ ہو چکا ہے۔