وزیراعظم کی فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق کا اسلام آباد میں ہائی رسک یونین کونسلز کا دورہ، انسداد پولیو مہم کا جائزہ

85
Ayesha Raza Farooq
Ayesha Raza Farooq

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہائی رسک یونین کونسلز کا دورہ کیا۔نیشنل ای او سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عائشہ رضا فاروق نے انسداد پولیو مہم کا جائزہ لیا اور پولیو ٹیموں سے ملاقات کی۔انہوں نے جاری انسدادپولیو مہم کے دوران ورکرز کے ہمراہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے۔

انہوں نے پولیو ورکرز کے جذبہ حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو ورکرز اپنی انتھک محنت سے قوم کے لیے ایک نئی تاریخ مرتب کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز مشکل حالات کے باوجود آپ کی دہلیز پر صحت کا تحفہ لارہے ہیں،ہمارا فرض ہے کہ پولیو ورکرز کو اپنے گھر کی دہلیز پر خوش آمدید کہیں۔اس وقت موجود خطرات کے تناظر میں ملک بھر میں 3 نومبر تک انسداد پولیو مہم جاری رہے گی،انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانا معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے 5 سال تک کی عمرکے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔

اس سے قبل وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو نے F-11 کے صحت مرکز کا بھی دورہ کیا اور مرکز صحت میں ویکسینیشن کے حوالے سے فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ انتظامیہ کی جانب سے انہیں پولیو مہم اور معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔انہوں نے کہا کہ پولیو کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔والدین کے تعاون سے پولیو فری پاکستان کی منزل کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا۔