وزیراعظم کی قازقستان کے صدر کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد

193
وزیراعظم کی قازقستان کے صدر کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد
وزیراعظم کی قازقستان کے صدر کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پیر کو عید الاضحیٰ کے موقع پر جمہوریہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیو سے ٹیلی فون پر بات چیت کی، دونوں رہنمائوں نے دونوں ممالک کے عوام کے لیے عید کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا تبادلہ کیا۔ وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

قازقستان کے صدر نے وزیراعظم محمد شہبازشریف کودوسری بار وزیراعظم منتخب ہونے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کی سیاسی اور اقتصادی صورتحال کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ دونوں رہنمائوں نے اپنے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو اس کی مکمل صلاحیتوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں وسعت دینے کی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر روابط اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے لیے اہم ہیں اور دونوں فریقوں کو اس اہم جہت پر اپنی توجہ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ علاقائی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے،

وزیر اعظم نے کہا کہ وہ 3-4 جولائی 2024 کو آستانہ، قازقستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)سربراہان مملکت کے اجلاس میں اپنی شرکت کے منتظر ہیں۔ قازقستان کے صدر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم شہبازشریف کے اگلے ماہ ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے جہاں مدعو رہنما علاقائی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے ایک جامع ایجنڈے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیراعظم نے قازقستان کے صدر کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی پرزور دعوت بھی دی جسے قازقستان کے صدر نے خوش اسلوبی سے قبول کیا۔