اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کےقومی دن پر پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے امیر قطر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کی بڑی گنجائش موجود ہے،پاکستان سے آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تربیت یافتہ نوجوانوں کو قطر بھیجیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو قطر کےقومی دن کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ قطر کے قومی دن کی تقریب میں شرکت پر خوشی ہے،قومی دن پر حکومت اور عوام کی طرف سے امیر قطر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر دوستی کے رشتے میں بندھے ہیں،شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دور اندیش قیادت میں قطر نے نمایاں ترقی کی،قطر میں فٹ بال ورلڈکپ کا کامیاب انعقاد اس کی بہترین مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ قطر کے حالیہ دورہ کے دوران دوحہ میں نمائش کا افتتاح کیا،نمائش کی سرپرستی کیلئے اپنی بہن شیخہ المیاسہ کی کوششوں اور امیر قطر کا شکرگزار ہوں، نمائش میں پاکستان کی ثقافت کے رنگ نمایاں تھے۔انہوں نے کہا کہ امیر قطر پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں،امیر قطر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قطر اور پاکستان کے اقتصادی تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں،پاکستان قطر دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کی بڑی گنجائش موجود ہے، پاکستان سے آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تربیت یافتہ نوجوانوں کو قطر بھیجیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کا قطر میں آئی ٹی، تعمیرات اور فارماسیوٹیکل سمیت مختلف شعبوں کی ترقی میں اہم کردار ہے ۔انہوں نے کہا کہ لبنانی وزیراعظم کو شام سے پاکستانیوں کے انخلاء کیلئے تعاون کی درخواست کی ہے،پاکستانیوں کا شام سے بحفاظت انخلا ء یقینی بنائیں گے۔اس موقع پر قطر کے قومی دن کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔