وزیراعظم کی مشاورت سے پولیو کے خاتمے کیلئے نیشنل سٹریٹیجک ایڈوائزری گروپ تشکیل دے دیا گیا پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کو اولین قومی ترجیح کے طور پر لیا جائیگا، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا

61

اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے وزیراعظم کی مشاورت سے پولیو کے خاتمے کیلئے نیشنل سٹریٹیجک ایڈوائزری گروپ تشکیل دیا ہے ۔ہفتہ کو ترجمان وزارت صحت کے مطابق ڈاکٹر ظفر مرزانیشنل سٹریٹیجک ایڈوائزری گروپ کے  سربراہ ہونگے۔ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا ہے کہ ملک میں پولیو کے کیسز کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر وائرس کی روک تھام کیلئے نیشنل سٹریٹیجک ایڈوائزری گروپ تشکیل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہرین کے گروپ کی تشکیل وزیر اعظم کی مشاورت سے کی گئی ہے جبکہ گروپ  میں پولیو کیلئے کام کرنیوالے ماہرین اور سابقہ عہدیداران کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ایڈوائزری گروپ کی تشکیل کا یہ فیصلہ حالیہ پولیو کے 91کیسز منظر عام پر آنے کے بعد کیا گیا ہے۔  ماضی میں پولیو کے خاتمہ کیلئے کام کرنیوالی شہنا ز وزیر علی اور سینیٹر عائشہ رضا فاروق بھی گروپ میں شامل ہیں۔ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا کہ گروپ پولیو کیخلاف عملدرآمد،حکمت عملی میں پیش رفت کیلئے مشورے دیگا ۔ پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کو اولین قومی ترجیح کے طور پر لیا جائیگا ۔ڈاکٹر ظفرمرزا کا کہناہے کہ تمام صوبوں خصوصاً کے پی کے میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو پروگرام ایک قومی پروگرام ہے اور ہم اسے سیاست سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔گروپ کے دیگر اراکین میں صحت بارے  قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ایم این اے خالد مگسی ،،پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد، اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق سفیر ضمیر اکرم ،سندھ صوبائی اسمبلی کے رکن ڈاکٹر سنجے گنگوانی بھی شامل ہیں ۔