اسلام آباد ۔ 12 جون (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم صفدر کا عوام کے مسائل سے دور دور کا واسطہ نہیں،انھیں سمجھ جانا چاہیے کہ اب انکی شہنشاہیت کا دور نہیں ہے ،نوازشریف عدالت کے اندر جھوٹے ثابت ہوئے،عدالت میں ثابت ہوا کہ شریف خاندان نسل درنسل لٹیرا ہے،وزیراعظم عمران خان نے انکی چوری بے نقاب کرنے کیلئے کمیشن کے قیام کا اعلان کیا،کمیشن کا اعلان ہوتے ہی انکی چیخیں آسمان کو بلند ہورہی ہیں۔بدھ کو پی ٹی وی سے گفتگو کر تے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شریف اور زرداری خاندان نے 24 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا،نوازشریف نے قوم کی بجائے صرف اپنے بچوں کے مستقبل کا سوچا،انکو جواب دینا ہوگا کہ رائیونڈ کا محل اور بیرون ملک اثاثے کیسے بنے؟انہوں نے کہا کہ صرف سابق وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کا خاندان ہی کے اثاثوں میں 85 فیصد اضافہ کیسے ہوا؟انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان قوم کے مسیحا ہیں،عمران خان قوم کو ان کی نسل در نسل غلامی سے نجات کا جہاد کررہے ہیں،پاکستان میں اداروں کو مضبوط بنانا ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون آزاد ہوتے ہی طاقتور کرپٹ خاندان جیل کے اندر ہیں،وزیراعظم پر تنقید کرنے سے پہلے اپنا کرپشن زدہ چہرہ ضرور دیکھیں۔