اسلام آباد ۔ 20 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مائوں، بہنوں اور بیٹیوں کی دعائوں سے وہ دن جلد آئے گا جب کشمیر سے ظلم ختم ہو گا، جبر اور طاقت کے بھارتی ہتھکنڈے ملیامیٹ ہوں گے اور کشمیر آزاد ہو گا، کشمیری عوام بالخصوص خواتین اپنے عزم، صبر اور خون سے کشمیر کی داستان لکھ رہے ہیں، وزارت اطلاعات اور اس کے ذیلی اداروں اور میڈیا کے مختلف شعبوں سے وابستہ خواتین آج پس منظر کے کردار سے نکل کر سڑکوں پر آ کر کشمیری خواتین کو اپنی حمایت کا یقین دلانے کیلئے جمع ہیں جن کے چہروں پر کشمیر سے رشتے کی جھلک نظر آ رہی ہے اور ظلم سسکیاں لے رہا ہے، وزیراعظم عمران خان بھی اپنے دورہ کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کی آواز بنیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے وزارت اطلاعات و نشریات اور اس کے ذیلی اداروں اور میڈیا سے وابستہ خواتین کارکنوں اور افسران کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات زاہدہ پروین، وزیراعظم کی پریس سیکرٹری شاہیرہ شاہد، پرنسپل انفارمیشن آفیسر طاہر خوشنود اور دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ریلی کا اہتمام پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے کیا گیا جس میں وزارت اطلاعات و نشریات اور اس کے ذیلی اداروں میں کام کرنے والی خواتین کے ساتھ ساتھ مردوں نے بھی شرکت کی۔ مقبوضہ کشمیر میں قید مظلوم کشمیری خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات اور اس کے ذیلی اداروں اور ذرائع ابلاغ کے مختلف شعبوں سے وابستہ خواتین جو پس منظر میں کشمیریوں کی آواز ہر سطح پر اجاگر کرنے میں کردار ادا کرتی ہیں وہ سمجھتی ہیں کہ وہ جس شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ کیوں نہ ہوں ان کا کردار اس وقت تک مکمل نہیں ہوتا جب تک وہ مظلوم کشمیری بہنوں، بھائیوں کی داد رسی نہ کریں اور آج ان کا سڑکوں پر نکلنا کشمیری خواتین کے زخموں پر مرہم لگانے کے مترادف ہے۔