اسلام آباد ۔ 11 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں جھوٹ، بہتان تراشی، لعن طعن، عوام کو گمراہ کرنے کی کوششوں اور بے بنیاد پراپیگنڈہ سے اجتناب کرے اور حقائق پر مبنی بات کرے‘ حقائق یہ ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) سمیت تمام حکومتوں نے عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ وعدے اور سمجھوتے کیے‘ملکی معیشت کے استحکام کے لیے دن رات کوشاں ہے‘ پرعزم ہیں کہ ملک کو اندھیروں سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے‘ کبھی کوئی ایسا فیصلہ نہیں کریں گے جو ملک و قوم کے مفاد میں نہ ہو، جو فیصلہ بھی کیا جائے گا اس میں ملک و قوم کے مفاد کو عزیز رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کوئی ایسا انوکھا کام نہیں کیا جس پر حزب اختلاف کو اعتراض ہو رہا ہے، یہ سارا ایک پراسیس ہے جو حکومتی امور کو چلانے کا لائحہ عمل ہے اور ایسے حکومتی امور جن میں ملکی معیشت تباہ ہو چکی ہو، بحران میں ہو، مسائل سے دوچار ہو ایسے میں حکومت ہاتھ پہ ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھ سکتی بلکہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ٹھوس اقدامات کرتی ہے تاکہ عوام کو ریلیف دیا جا سکے‘ موجودہ حکومت بھی وزیراعظم عمران خان کی متحرک اور ولولہ انگیز قیادت کے تحت ملکی معیشت کے استحکام کے لیے دن رات کوشاں ہے اور ہم پرعزم ہیں کہ ملک کو اندھیروں سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی آٹھ ماہ کی تمام تر کوششیں پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی گزشتہ حکومتوں کے لیے ہوئے قرضوں کو واپس کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں، ان دونوں جماعتوں نے اپنی گزشتہ حکومتوں کے دس سالوں کے دوران ملکی معیشت کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا، گزشتہ حکومتوں کی 10 سالہ تباہی و بربادی کو موجودہ حکومت 8 ماہ میں فوراً کیسے درست کر سکتی ہے، ملکی معیشت سمیت اداروں کی تباہی کی درستگی کے لیے کچھ وقت ضرور لگے گا لیکن ہم پرعزم ہیں کہ ملکی معیشت کے استحکام سمیت اداروں کو مضبوط بنانے میں بھی کامیاب ہوں گے اور ملک ترقی کرے گا۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے کو حتمی شکل دئیے جانے کے بعد اس معاملے پر اپوزیشن کو اعتماد میں لیا جائے گا کیونکہ اپوزیشن بھی عوام کو جوابدہ ہے، اپوزیشن کا حق ہے کہ وہ ہم سے پوچھے اور ہمارا فرض ہے کہ ہم انہیں جواب دیں لیکن آئی ایم ایف سے معاملات کے حتمی ہونے سے قبل ان امور کو پبلک نہیں کیا جا سکتا کیونکہ پاکستان کے دشمن بہت ہیں اور ہمیں بہت سے چیلنجز بھی درپیش ہیں اس لیے ہمیں ہر قدم پھونک پھونک کر رکھنا ہے، ہم اپوزیشن سے کوئی چیز بھی نہیں چھپائیں گے اور ہم یقین دلاتے ہیں کہ ہم کبھی کوئی ایسا فیصلہ نہیں کریں گے جو ملک و قوم کے مفاد میں نہ ہو، جو فیصلہ بھی کیا جائے گا اس میں ملک و قوم کے مفاد کو عزیز رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کی سابق حکومت اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی غیر موثر اور ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہوئی، اسحاق ڈار نے غلط نہیں کیا تو خود ساختہ جلاوطنی کیوں اختیار کی، موجودہ حکومت پہلی حکومت ہے جس نے اپنے اخراجات میں کمی کی ہے باقی گزشتہ حکومتیں تو بادشاہت کرتی رہی ہیں۔