وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

105

اسلام آباد ۔ 16 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن عید کے بعد احتجاج کا شوق بھی پورا کر لے، اپوزیشن کے احتجاج میں عوام نہیں نکلیں گے ، عوام گزشتہ حکومتوں کے کارناموں سے اچھی طرح واقف اور باشعور ہیں، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومتوں کی ناکام معاشی پالیسیوں، بے جا قرضوں، بدعنوانیوں اور منی لانڈرنگ کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہوئی جس کا خمیازہ آج موجودہ حکومت اور ملک کے عوام بھگت رہے ہیں، پوری قوم کی واحد امیدوزیراعظم عمران خان ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے ، تمام تر چیلنجز کے باوجود حکومت ملکی معیشت کے استحکام اور روپے کی قدر میں اضافے کے لیے دن رات کوشاں ہے، مثبت اور ٹھوس حکومتی اقدامات کے نتائج جلد حاصل ہونا شروع ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شکر ہے آج اپوزیشن کو عوام کا دکھ درد تو یاد آیا حالانکہ گزشتہ 10 سال جب یہ لوگ اقتدار کے مزے لے رہے تھے اس وقت انہیں عوام کا دکھ درد کیوں یاد نہیں آیا اور نہ ہی ان لوگوں نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے کچھ کیا، باریاں لینے والوں کو اپنے ادوار میں عوام کا دکھ درد کیوں یاد نہیں آیا، اگر اس وقت انہوں نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ کیا ہوتا تو لوگ عام انتخابات میں انہیں مسترد نہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے اور ہم ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہیں اور پرعزم ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کی متحرک اور ولولہ انگیز قیادت میں ملک کو اندھیروں سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تنقید کرنا اور حکومت گرانے کی خواہشات کا اظہار کرنا اور اقتدار کے ایوانوں سے باہر بیٹھ کر اقتدار کے حصول کے لیے داﺅ پیچ کرنا اپوزیشن کا کام ہے جسے ہم تسلیم کرتے ہیں کیونکہ ہم ایک سیاسی کھلاڑی ہیں اور سیاسی کھلاڑی ہمیشہ سیاسی انداز میں ہی جواب دیتے ہیں۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں روپے کی قدر میں کمی کی کوئی شرط نہیں، میڈیا کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر تصدیق اور قیاس آرائیوں پر مبنی خبروں کی اشاعت سے گریز کرنا چاہیئے کیونکہ میڈیا ایک بہت اہم اسٹیک ہولڈر ہے جس کا ذمہ دارانہ کردار ملک کی قومی سلامتی کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتیں جب 31000 ارب کا قرضہ چھوڑ کر جائیں گی،100 ارب کے بیرونی قرضے ادا کرنے ہونگے، 37 ارب کا تجارتی خسارہ ہو گا تو ملکی روپے کی قدر پر دباﺅ تو آئے گا لیکن ان تمام تر چیلنجز کے باوجود موجودہ حکومت ملکی معیشت کے استحکام اور روپے کی قدر میں اضافے کے لیے دن رات کوشاں ہے اور موجودہ حکومت کے مثبت اور ٹھوس اقدامات کے نتائج جلد حاصل ہونا شروع ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام بھی سندھ حکومت کی کارکردگی جاننا چاہتے ہیں، وفاق پر بے جا تنقید کرنے والوں کو یہ بھی بتانا چاہیئے کہ کیا سندھ کے تمام مسائل حل ہو چکے ہیں، وفاق پر انگلی اٹھانے والوں کو پہلے اپنے مسائل حل کرنے چاہیئں، احتجاج پر جانے سے قبل (ن) لیگ کو بھی یہ بتانا چاہیئے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کہاں لاپتہ ہیں اور وہ کب وطن واپس آ رہے ہیں، اسحاق ڈار،حسن اور حسین نواز کو بھی وطن واپس آنا ہو گا، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملکی معیشت کے ساتھ کھلواڑ کیا اور بھاگ گئے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی لندن میں سیاسی پناہ کے بارے میں کسی حکومتی شخصیت نے کوئی بیان نہیں دیا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ہی ملک و قوم کے لیے وہ واحد امید ہیں جو ملک و قوم کی تقدیر بدلیں گے اور ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے،موجودہ حکومت اسٹیٹس کو کو چیلنج کر رہی ہے اور اداروں میں اصلاحات کے لیے کوشاں ہے جس کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا ہے لیکن یہ مشکلات عارضی ہیں، بہت جلد ہر طرف خوشحالی ہو گی اور ملک آگے بڑھے گا۔