سیالکوٹ۔ یکم جون (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ لاپتہ اپوزیشن لیڈر کا لندن کے صحت افزاءمقام سے عوام کے دکھ درد کا واویلا پاکستانی عوام سے مذاق سے کم نہیں، وزیراعظم عمران خان پاکستان کی زخمی معیشت کی بحالی کیلئے کام کر رہے ہیں‘بہت جلد پاکستانی معیشت اپنے پاﺅں پر کھڑا کرکے ترقی و خوشحالی کی منزل تک لے کر جائیں گے‘ عوام کے دکھ درد کا مدواوا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 72 موضع ملے چک میں منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی نے جس بے رحمی سے مال کمایا اور قومی خزانہ شیر مادر سمجھ کر ہضم کیا اور لوٹ مار سے قوم اور معیشت کی پشت میں خنجر گھونپا ہے اس سے زخمی پاکستان مفلوک الحالی کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر لانچوں پر ، لاکرز، گھریلو ملازمین، پاپڑ، ریڑھی اور فالودے والوں کے اکاﺅنٹس نہ بھرے جاتے تو آج ملکی معیشت مستحکم ہوتی۔ انہوں نے کہا ملک و قومکا تیل نکالنے والی کرپشن الیون کے کھلاڑی عوامی جذبات سے کھیل کر اپنے گناہ بخشوانا چاہتے ہیں۔