وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کی نجی نیوز چینل سے بات چیت

81

اسلام آباد ۔ 3 جون (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی گزشتہ حکومتوں پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں جماعتیں ملکی معیشت کو بگاڑنے کی ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے نجی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور قیمتوں میں اضافہ (ن) لیگ کی گزشتہ حکومت کی کمزور اقتصادی پالیسیوں کے باعث ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ڈا لر کے مقابلہ میں روپے کو مضبوط بنانے کی کوششیں کر رہی ہے اور اس کے علاوہ اقتصادی شعبہ کی بحالی کے لئے اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔ ایک سوال پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال کے ذمہ دار سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار ہیں جو اپنے خاندان کے ساتھ ملک سے مفرور ہیں، اگر اسحاق ڈار بے قصور ہیں تو انہیں وطن واپس آ کر اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے۔ ججز کے خلاف ریفرنسز بارے ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت کا ان ریفرنسز سے کوئی لینا دینا نہیں اور یہ معاملہ اب عدالتوں میں ہے۔