وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ پیر محبوب الرحمان کے ہمراہ پریس کانفرنس

113

اسلام آباد ۔ 13 جون (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ گذشتہ 10سالوں کے دوران ہونے والی کرپشن کی انکوائری کے لئے انکوائری کمیشن کے ٹی او آر بنائے جا رہے ہیں، آئندہ ہفتے وزیراعظم عمران خان انکوائری کمیشن کے سربراہ کی تعیناتی کریں گے، ایسے شخص کو سربراہ بنایا جائے گا جس کا حال اور ماضی دونوں بے داغ ہو، گذشتہ 10 سالوں میں ہر وہ شخص جو پبلک آفس ہولڈر رہا ہے حکومت میں ہو یا حکومت سے باہر ہو سب کو آئین اور قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنے اپنے اعمال کا حساب دینا ہو گا، راج کماری کی بڑھکیں یہ ثابت کرتی ہیں کہ شریف فیملی نے عبرت سے بھی سبق نہیں سیکھا، جیلوں کو مقدس مقام کا درجہ دے کر سیاسی گدی نشین سے مل کر آنے والے بڑے فخر کا اظہار کرتے ہیں کہ ملک کو لوٹنے والے شخص سے مل کر آ رہے ہیں، سسیلن مافیا اور گارڈ فادر نے ہر ادارے کے اندر پنجے گاڑے ہوئے ہیں، وزیراعظم کی جان کو کسی فرد سے خطرہ نہیں ہے، اللہ اور مخلوق کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں اور وہ اللہ کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں،10 ہزار روپے تک کا بل کاشتکار خود ادا کرے گا جبکہ باقی رقم وفاق اور صوبہ مل کر ادا کریںگے، اس سے زرعی سسٹم میں اصلاحات سے کاشتکار کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔ وہ جمعرات کو پی آئی ڈی میں وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ پیر محبوب الرحمان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔