وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی نیشنل پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو

105

اسلام آباد ۔ 16 جون (اے پی پی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ بلاول بھٹو اور مریم صفدر کی ملاقات پر بے نظیر بھٹو کی روح بے چین ہوگی، رائے ونڈ ہال میں سیون سٹار سہولتوں سے محظوظ ہونے کے بعد ابو بچاﺅ مہم کیلئے بیٹھک ہوئی، سزا یافتہ شہزادی کا آج کا بیان عمران خان کے ایجنڈے کی جیت ہے، عمران خان کی قیادت میں قوم موجودہ عارضی مشکلات سے جلد نکلے گی، جو انکوائری کمیشن وزیراعظم بنانے جا رہے ہیں اس کی وجہ سے رائے ونڈ میں سینے کا درد کروٹے لے رہا ہے۔ اتوار کو نیشنل پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں پاکستان کے سب سے بڑے حریف بھارت کے خلاف اہم میچ پر لگی ہوئی ہیں، میں قوم کو آج تقسیم نہیں کرنا چاہتی تھی تاہم ایک سیاسی ٹولے کی سیاست کا انتقال ہوا ہے اس لئے وہ مل بیٹھ کر اثاثے بچانے کی حکمت عملی پر غور کر رہے تھے، کھانوں کی طویل فہرست اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ کس طرح عوامی مسائل پر بات ہو رہی تھی۔